سندھ حکومت نے معروف اداکار اور کامیڈین عمر شریف کا مکمل علاج کرانے کا اعلان کر دیا۔
ہم نیوز کے مطابق وزیر ثقافت سندھ سردار شاہ نے کہا ہے کہ عمر شریف جس اسپتال میں جہاں علاج کرانا چاہیں سندھ حکومت مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمر شریف ہمارا قومی اثاثہ ہیں ان کی بیماری کا سن کر افسردہ ہوں، ہماری نیک خواہشات عمر شریف کے ساتھ ہیں،امید ہےکہ وہ جلد ہی ٹھیک ہو جائیں گے۔
کامیڈی کنگ عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے بتایا ہے کہ عمر شریف کے لیے اگلے 24 گھنٹے بہت اہم ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ان کی اہلیہ نے اپنی پوسٹ میں مداحوں سے عمر شریف کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عمر شریف نے بہتر علاج کے لیے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کی تھی۔
نجی ٹی وی کے اینکر وسیم بادامی نے معروف کامیڈین کا ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اسپتال کے بستر پر موجود ہیں اور کافی کمزور نظر آرہے ہیں۔
عمر شریف نے وزیر اعظم سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ مجھے بہتر علاج کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہیے۔
انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں عمر شریف، وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مخاطب ہوں، عمران خان جب بھی کوئی کام شروع کیا ہے آپ نے مجھے فون کیا، میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا ہے اسی لیے مجھے یقین ہے کہ آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے۔