لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج صبح موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج صبح ہی کالی گھٹائیں چھا گئیں ،دن میں رات کا گماں ہونے لگا۔ بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا وہیں مال روڈ، جوہر ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، سمن آباد اور ریلوے سٹیشن کے علاقوں میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ بھاٹی گیٹ، بلال گنج، موہنی روڈ اور شملہ پہاڑی کے علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جبکہ گڑھی شاہو، باغبانپورہ اور دو موریہ پل کےعلاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پرتیز ہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ پوٹھو ہار، نارووال ، سیالکوٹ،گوجرانوالہ ، گجرات،منڈی بہاؤالدین، لاہور، اوکاڑہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کےساتھ مزید بارشیں متوقع ہیں ۔ سمندری فیصل آباد حافظ آباد،فیصل آبآد میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایبٹ آباد ، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام ، سوات، دیر، مالاکنڈ، بونیر، مردان ، صوابی، چارسدہ میں بارش کاامکان ہے، نوشہرہ ، پشاور ، کوہاٹ، کرک ، بنوں، ڈی آئی خان اور کرم میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے ۔
سندھ میں سکھر ، جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، میر پور خاص، مٹھی،سانگھڑ،حیدر آباد، بدین، ٹھٹہ اورکراچی میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔