کراچی: بینک خدمات حاصل کرنے کے لیے بھی کورونا ویکسینیشن کی لازمی قرار دینے کی تجویز پیش کردی گئی ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے این سی او سی کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ بینک خدمات حاصل کرنے کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دی جائے۔
ذرائع کے مطابق حکومت سندھ کے محکمہ صحت نے اس ضمن میں این سی او سی کو باقاعدہ مراسلہ بھی بھیج دیا ہے۔
این سی او سی کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبا کورونا پہ قابو پانے کے لیے لازمی قرار دیا جائے کہ بینک اورپوسٹ آفیسز ویکسی نیٹڈ کسٹمرز کو ہی خدمات فراہم کریں۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے این سی او سی کو بھیجی جانے والی تجویز میں کہا گیا ہے کہ بنا ویکسینیشن کے آنے والے صارفین کو خدمات فراہم کرنے سے معذرت کرلی جائے۔
محکمہ صحت سندھ نے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو بھی ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے بھیجے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی ایس اوپیز میں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔
محکمہ صحت سندھ نے اپنے مراسلے میں واضح کیا ہے کہ بنا کورونا ویکسینیشن ریسٹورنٹس میں کھانا کھانے اور ہوٹلوں میں رہائش اختیار کرنے پر پابندی ہو گی۔