پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کے کاروبار کو تباہ کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے تاجر ایکشن کمیٹی کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کی ترقی کے خلاف ہے، ہم اگر یہ احتجاج کرتے تو کہا جاتا کہ ہم سیاست کررہے ہیں، شہر کی نمائندگی کرنے پر تحریک انصاف کی جانب سے تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا ہے کہ کووڈ کے دوران ملک بہتری کی جانب گیا پوری دنیا نے دیکھا صوبہ سندھ 18ویں ترمیم کے تحت غنڈہ گردی کررہا ہے، پلاننگ کے تحت کراچی کے کاروبار کو تباہ کیا جارہا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ آج تاجر احتجاج کررہے ہیں اگر یہی سلوک رہا تو پورے کراچی ایم اے جناح روڈ پر ہوگا، 13 سال سے اسٹریٹ کرائم، کچرے اور صاف پانی کے مسائل ہیں، 13 سالوں سے کراچی کے ایک نوجوان کو نوکری نہیں ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک بلدیاتی الیکشن نہیں ہوں گے مسائل حل نہیں ہوں گے، بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے عدالت سے رجوع کیا ہے، سندھ حکومت کے ظالمانہ رویے کے خلاف پورے کراچی کو اٹھنا چایئے، وزیر اعظم صاحب سے کہوں گا 6 ماہ کے لئے گورنر راج لگا دیا جائے، ہمیں یقین ہے 6 ماہ میں کراچی کے حالات بدل جائیں گے۔
خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا مزاق بنایا، کووڈ میں وزیراعظم کے اقدامات کو پوری دنیا نے سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا کاروبار الگ ہے لیکن جو اصل کاروباری شخصیات ہیں وہ متاثر ہورہی ہے، پاکستان کو برباد کرنا ہے تو تاجروں کو پریشان کیا جائے، سندھ حکومت منصوبہ بندی کے تحت کراچی کے کاروبار کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ بلاول صاحب سندھ بھر میں جلسے کررہے ہیں اور سندھ حکومت کراچی کے پڑھے لکھے طبقے کو اذیت پہنچارہی ہے، سندھ حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کا تاجر شدید متاثر ہو۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آج کراچی کے تاجروں سے اظہار یکجہتی کیلئے پہنچی ہے، روزانہ کی بنیاد پر ہمارا ایک ایم پی اے تاجروں کے ساتھ احتجاج میں شریک ہوگا، ہمارے نمائندے تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، کراچی آگے بڑھے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیر اعظم کو پریشان کرنے کیلئے کراچی کی معیشت کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے، کراچی کے ساتھ سندھ حکومت سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے، میں گورنر صاحب سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ یہاں آئیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ کراچی میں جلد بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے عدالت سے رجوع کرچکے ہیں، سندھ حکومت کے ظالمانہ رویے کے خلاف کراچی کی عوام کھڑی ہوجائے، پی ٹی آئی کراچی کی نمائندہ جماعت ہے، ہم کراچی کا مقدمہ لڑیں گے اور کراچی کے تاجروں کے ساتھ ہر فورم پر کھڑے ہوں گے.