پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام کے نام پر خواتین کے حقوق چھیننے والے غلط ہیں ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی نقل کر کے اسی پروگرام کو احساس کا نام دیا مگر احساس والوں کو عوام کا احساس ہی نہیں ۔
گھوٹکی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا خواتین کو حقوق اسلام نے دیے ہیں اور انہی حقوق کو استعمال کرتے ہوئے عورت پاکستان کی دو مرتبہ وزیر اعظم بنی ہے ، اسلام سے قبل عورت کی زندگی انتہائی قابل ترس تھی ، اسلام کے نام پر خواتین کے حقوق چھیننے والے غلط ہیں ۔
وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خان صاحب نے پچاس لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا ، آپ بتائیں کہ کیا آپ کے علاقے میں خان صاحب نے ایک گھر بھی بنایا، عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب چکے ہیں ، ہمارے بینظر انکم سپورٹ پروگرام کو پوری دنیا میں سراہا گیا ، فاٹا سے لے کر گوادر تک خواتین کو رقم مل رہی ہے ، ہماری حکومت آئے گی تو اس پروگرام کو صحیح طریقے سے چلائیں گے ، یہ پروگرام پندرہ ڈسٹرکٹ میں چل رہا ہے جس سے 13لاکھ خاندان فائدہ اٹھا رہے ہیں جس کے ذریعے انہیں قرضے مل رہے ہیں اور وہ اپنا کاروبار چلا رہے ہیں ، 23 ہزار سے زائد گھر بن چکے ہیں ، بلدیاتی انتخابات کیلئے خواتین اور نوجوانوں کیلئے نشستیں رکھی ہیں ۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے کراچی میں ہونے والے جلسے سے متعلق جے یو آئی ف کے لیڈر راشد سومرو نے کہا تھا کہ سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے خواتین جلسے میں شرکت نہیں کریں گی مگر بعد مسلم لیگ ن نے اس کے خلاف جاتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین ضرور شرکت کریں گی ۔ بعد میں مولانا فضل الرحمان نے بھی کہا کہ اگر ایسی کوئی افواہ ہے تو اس پر کان نہ دھریں ، خواتین کراچی جلسے میں آئیں ۔