تربیلا ڈیم کا آبی ذخیرہ مکمل طور پر بھر گیا۔
انڈس ریوور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے مطابق تربیلا ڈیم کا آبی ذخیرہ ایک ہزار 550 فٹ کی انتہائی حد تک پہنچ گیا ہے اور تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی حد بھی ایک ہزار 550 فٹ تک ہے۔ارسا کے مطابق بارشوں اور پہاڑوں پر برف پگھلنے سے ڈیم میں پانی کی آمد بڑھی ہے تاہم وافر پانی کی دستیابی سے کاشتکاری اور فصلوں کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ تربیلا ڈیم کے دورے کے دوران پانچویں توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ تربیلا توسیعی منصوبے سے ایک ہزار 530 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہو گی۔ جس کے بعد تربیلا کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 6418 میگا واٹ ہو جائے گی۔توسیعی منصوبے کے لیے ورلڈ بینک پاکستان کو 390 ملین ڈالرز فراہم کرے گا۔ منصوبے کے تعمیراتی عمل میں 3 ہزار تک ملازمتیں پیدا ہوں گی۔