افغانستان سے انخلا کے مسافروں کو لے کر امریکن ایئر فورس کی پرواز کابل سے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یو ایس ایئر فورس کی پرواز FEVER11 افغانستان سے غیر ملکی باشندوں اور افغانی شہریوں کو لے کر کابل سے روانہ ہوئی۔
افغانستان سے انخلا کے مشن پر مامور خصوصی امریکی طیارے نے نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد امریکی ایئر فورس کا یہ پہلا طیارہ ہے جو پاکستان آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طیارے کے ذریعے ان مسافروں کو پاکستان لایا گیا ہے جو مختصر مدت کے لیے اسلام آباد قیام کریں گے جس کے بعد انہیں امریکا کی طرف سے متعین کی گئی نئی منزل پر روانہ کر دیا جائے گا۔
ان مسافروں کو اسلام آباد آمد پر مختصر مدت کے پاکستانی ویزے جاری کیے گئے ہیں۔