جامعہ این ای ڈی کے 100 برس مکمل ہونے پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے 100 روپے کے یادگاری سکے اور 20 روپے کے یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا کے لیے تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
اس حوالے سے تقریب منعقد کی جائے گی جس میں مہمانِ خصوصی جامعہ سے فارغ التحصیل سول انجینیئر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہوں گے۔
جامعہ ترجمان کے مطابق 29 اگست 1921 کو پرنس آف ویلز کالج کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، بعد ازاں اس کا نام تبدیل کرکے نادر شاہ اڈلجی ڈنشا کے نام کی مناسبت سے این ای ڈی رکھا گیا۔
کورونا صورت حال کے سبب مختصر تقریب کا انعقاد سٹی کیمپس میں کیا جارہا ہے جبکہ دنیا بھر سے انجینئرز آن لائن تقریب میں شرکت کریں گے۔
شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس یادگاری سکّے اور ڈاک ٹکٹ کا اجرا خوش آئند ہے۔
اس موقع پر انہوں نے جامعہ سے وابستہ ہر فرد کو ادارے کی ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کرنے پر سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم انجینئرنگ سیکٹر میں جدید تعلیم و ٹیکنالوجی کے خواہاں ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہمارا انجینیئر ملکی و بین الاقوامی سطح پر مستند شمار کیا جاتا ہے۔
شیخ الجامعہ نے آئندہ کے لیے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس برس تھر انسٹیٹیوٹ میں سول انجینئرنگ کے داخلوں کا آغاز کر رہے ہیں تاکہ مزید قابل انجینئرز دنیا بھر میں جامعہ کا نام روشن کرسکیں۔