وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت سے اوورسیز پاکستانی ملے جن کے پلاٹوں پر قبضہ ہوا۔ ہم پاکستان میں قبضہ گروپ کیخلاف جہاد کررہے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے تحت روشن اپنا گھر پروگرام کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم سسٹم میں بہتری لا کر سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ حکومت اوورسیزپاکستانیوں کیلئے آسانیاں پیداکررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سب سے زیادہ اوورسیز پاکستانیوں کو جانتا ہوں۔ اوورسیز پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ ہم نے بہت کم اوورسیز پاکستانیوں سے فائدہ اٹھایا۔ میں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ترقی کرتے دیکھا ہے، ان سے میرا گہرا تعلق ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں نے سب سے زیادہ زرمبادلہ پاکستان بھیجا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے۔ میں بہت سے اوورسیز پاکستانیوں سے ملا جنہوں نے سرمایہ کاری کی کوشش کی لیکن ہار کر واپس چلے گئے۔ ماضی میں کسی نے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح وبہبود پر توجہ نہیں دی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ روشن اپنا گھر وہ چیز ہے جو جس کی بینک گارنٹی لے رہے ہیں۔ روشن اپنا گھر اسکیم ایک گیم چینجر ہے۔
گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کے تحت روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ رکھنے والے اوورسیز پاکستانی اپنا ہاؤسنگ پروگرام میں سرمایہ کاری کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ روشن اپنا گھر اسکیم وزیراعظم کے ویژن کے مطابق شروع کی گئی۔ روشن اپنا گھر اسکیم کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستانی بینکوں سے قرض کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
رضا باقر نے کہا کہ اس اقدام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا پاکستان میں اپنے خاندانوں کیلئے گھر بنانے کا خواب پورا ہو گا۔
وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ روشن اپنا گھر پروگرام شروع کرنے میں اسٹیٹ بینک کا کلیدی کردار ہے۔پروگرام سے سمندر پار پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرسکیں گے۔