کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 13 مزدور جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں صبح 10 بجے کے قریب آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں جس کے باعث آگ پھیل گئی۔
فائر بریگیڈ کا عملہ فیکٹری میں لگی آگ بجھانے کے لیے موجود ہے اور آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 2 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے جبکہ فیکٹری کی دیواریں توڑنے کے لیے ہیوی مشینری کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ حکام نے فیکٹری میں لگی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا ہے
ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ فیکٹری سے اب تک 13 مزدوروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جس میں سے 10 لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ فیکٹری میں اب بھی لوگ موجود ہیں۔