کراچی: ساحل سمندر پر 21جولائی سے پھنسے بحری جہاز کو تاحال نہیں نکالا جاسکا۔ ناتجربہ کاری اور رابطوں کےفقدان کے باعث جہاز نکالنے کی متعدد کوششیں ناکام ہوگئیں۔ جہاز کے مالک کی جانب سے دبئی سے ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ آپریشن آئندہ ماہ 8 ستمبر سے دوبارہ شروع ہونے کاامکان ہے۔
کراچی کے ساحل پرہینگ ٹونگ 77 نامی مال برداربحری جہازکو پھنسے ایک ماہ 5 دن گزر گئے-جہاز کے مالک کی جانب سے سی میکس اور ایان شپنگ کوجہاز نکالنے کے آپریشن کا کنٹریکٹ دیا گیا مگر تمام کوششیں ناتجربہ کاری کے باعث ناکام ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کی مسلسل ناکامی کے بعد جہاز کے مالک نےدبئی سے ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آج آپریشن کے دوران جہاز کے ہیڈ کو 150ڈگری تک گھمایا گیا مگر ایک بار پھرٹگ اور بارج سے منسلک کمزور رسے ٹوٹ گئے- جس کے بعد جہاز ساحل کی جانب واپس لوٹ آیا جس کے باعث آپریشن اگلے ماہ تک ملتوی کردیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق 8 ستمبر سے ہائی ٹائیڈ میسر ہوگی جس سے آپریشن میں مدد مل سکے گی تاہم آپریشن کی حتمی تاریخ کا فیصلہ جہاز کے مالک اور متعلقہ اداروں کی مشاورت کے بعد کیا جائیگا۔