وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مشیرِ زراعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ سندھ کے کاشتکاروں کو آسان اقساط پر زرعت مشینری فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت زراعت کے فروغ کے لئے نئی اسکیمیں لا رہی یے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ملاقات کے لئے اپنی رہائش گاہ پر آنے والے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبے کے مختلف علاقوں سے آنے والے کاشتکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
منظور وسان نے کہا کہ کاشتکار کو جدید زراعت سے متعارف کرانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور صوبے کی زرعت معیشت کے استحکام کے لئے سب مل کر کام کریں تو بہترین نتائج حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے محنت کش ہاری صوبے کی زراعت میں جدید تقاضوں کو اپنائیں اور چونکہ ہماری معیشت کا بڑا انحصار زرعت پیداوار پر ہے اس لئے اپنی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے ہمیں زراعت کے جدید ترین طریقوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا انہوں نے زور دیکر کہا کہ زراعت کی ترقی میں ہی خوشحالی اور فلاح مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ کھانے کے تیل کی درآمدات پر خرچ ہونے والے زرِ مبادلہ کی زرعت خود انحصاری کے زریعے بچت کرسکیں۔
منظور وسان نے کہا کہ زرعی معیشت کے فروغ کے لئے ہم ملائشیا اور دیگر ممالک کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔
اس موقع پر مشیرِ زراعت منظور حسین وسان کو کاشتکاروں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
منظور حسین وسان نے یقین دلایا کہ تمام مسائل کاشتکاروں کی مشاورت سے حل کئے جائیں گے۔