بولی وڈ اداکار ابھیشیک بچن جو شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل تھے، انہوں نے بتایا ہے کہ ان کےہاتھ کی شدید زخمی ہونے کے باعث سرجری ہوئی ہے۔
ابھیشیک بچن نے اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے اور اس کے بعد سرجری کا احوال سوشل میڈیا سائٹس پر کی گئی پوسٹس کے ذریعے شیئر کیا۔
اداکار نے اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں انہیں بازو کے گرد سِلنگ پہنے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ‘ گزشتہ ہفتے انکی نئی فلم کے سیٹ پر چنائی میں ایک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں میرا دایاں ہاتھ فریکچر ہوگیا’۔
ابھیشیک بچن نے کہا کہ ‘ہاتھ کو ٹھیک کرنے کے لیے سرجری کی ضرورت پڑی چنانچہ فوری ممبئی واپس آنا پڑا’۔
اداکار نے پیغام کو مثبت انداز میں جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ وہ سرجری کے بعد دوبارہ شوٹنگ کے لیے چنائی واپس آگئے ہیں۔
ابھیشیک بچن نے مداحوں کو بتایا کہ ان کے والد امیتابھ بچن نے زخمی ہونے کے بعد انہیں کہا کہ ‘مرد کو درد نہیں ہوتا ‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ ٹھیک ہے، مگر تھوڑا درد ہوا ہے۔
بولی وڈ اداکار نے حادثے کے بعد مداحوں کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات اور نیک تمناؤں پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔