کراچی کی انسداد دہشت گردی جیل کمپلیکس میں 14 جنوری کو نقیب اللہ محسود قتل کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ آج متوقع ہے۔
کیس میں مدعی مقدمہ کے وکلاء اور ملزمان کے وکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔
جیل کمپلیکس میں نقیب اللہ قتل کیس کا فیصلہ آج متوقع ہے، سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور دیگر ملزمان عدالت پہنچ گئے ہیں۔
نقیب اللہ قتل کیس کے متوقع فیصلے کے سبب عدالت میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے انسداد دہشت گردی عدالت کا کہنا ہے کہ نقیب اللّٰہ قتل کیس کا فیصلہ آج 2:30 بجے سنایا جائے گا۔
راؤ انوار اور دیگر ملزمان پر 25 مارچ 2019ء کو فرد جرم عائد ہوئی تھی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا، مقدمے میں ملزمان کے خلاف 60 گواہان تھے۔
نقیب اللہ قتل کیس کی تفصیلات
13 جنوری 2018ء کو ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے نوجوان نقیب اللہ کو دیگر 3 افراد کے ہمراہ دہشت گرد قرار دے کر مقابلے میں مار دیا تھا۔
بعد ازاں 27 سالہ نوجوان نقیب اللہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس کی تصاویر اور فنکارانہ مصروفیات کے باعث سوشل میڈیا پر خوب لے دے ہوئی اور پاکستانی میڈیا نے بھی اسے ہاتھوں ہاتھ لیا۔