کراچی (بزنس ڈیسک) ابو ظہبی میں قائم بین الاقوامی توانائی کمپنی، مبادلہ انرجی نے رواں ہفتے، او ایم وی (OMV) ڈاؤن اسٹریم جی ایم بی ایچ اور پاک عرب ریفائنری لمٹیڈ(پارکو) کے ساتھ پاکستان میں سسٹین ایبل فیول اور فیڈاسٹاک کے شعبے میں مواقع تلاش کرنے کے لیے یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
اس یادداشت کے تحت کمپنیاں سرکلر اکانومی (circular economy) کے منصوبوں پرکام کریں گی جن میں پلاسٹک کی پیداوار اور ری-سائیکلنگ، سنتھیٹک فیول اور فیڈاسٹاک کی پیداوار کے علاوہ سنتھیٹک آئل اوردیگر کیمیائی مصنوعات کی تیاری کے منصوبے شامل ہیں۔اس تعاون کی بنیادمبادلہ انرجی، اوایم وی اور پارکو کے درمیان مضبوط شراکت داری ہے جوجدید ترین ٹیکنالوجیز استعمال کرتے ہوئے موجودہ انفرااسٹرکچر اور مارکیٹ تک رسائی سے استفادہ حاصل کریں گے ۔
توانائی کے نئے شعبوں اور کم کاربن والے سولوشنز میں مواقع تلاش کرنے کے لیے مبادلہ انرجی کی حکمت عملی کے مطابق، یہ یادداشت حال ہی میں شروع کی گئی سسٹین ایبیلٹی کی حکمت عملی کی بھی حمایت کرتی ہے جو تین اہم ترجیحات کی نشاندہی کرتی ہے یعنی مثبت ماحولیاتی اثرات پیدا کرنا،ذمہ دارانہ سرگرمیوں کی حمایت کرنا اور ترجیحی شراکت دار بننا۔اس یادداشت کے ذریعے شراکت دار اہم کسٹمرسینٹرزمیں حصولِ توانائی کا ضامن بننے کی کاوشوں کو فروغ دینے کی امید رکھتے ہیں ۔
اس حوالے سے مبادلہ انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، منصور محمد الحامد نے کہا:”ہم نے توانائی کے سفر میں معاونت کے لیے توانائی کے نئے شعبوں اور کم کاربن والے سولوشنز کو آگے بڑھانے کے لیے ایک واضح حکمت عملی تیار کی ہے۔یہ معاہدہ موجودہ شراکت داروں کو اہم ٹیکنالوجی، توانائی کے سفر کی مہارت اور مارکیٹ کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو یکجا کرے گا تاکہ سرکلر اکانومی کے فروغ کا بڑے پیمانے پر ادراک کیا جاسکے۔ متحدہ عرب امارت کے نیٹ زیرو (net zero) اخراج کے عزم کے ساتھ، میں یہ دیکھ کر پرجو ش ہوں کہ یہ تعاون ان اہداف کے حصول کو پورا کرے گا۔“
او ایم وی (OMV) کے لیے یہ پروجیکٹ کمپنی کے نیٹ زیرو اخراج کے اہداف حاصل کرنے میں مددگار رہے گا اور سسٹین ایبل فیول اور کیمیائی فیڈاسٹاک کے ایک سرکردہ جدید پروڈیوسر بننے کی حکمت عملی سے مطابقت رکھتا ہے۔ اس معاہدے کے ذریعے پارکوسرکلر اکانومی میں ایک اہم رکن کے طور پر کردار ادا کرنے کے علاوہ کیمیکل اورمٹیریل انڈسٹری سے الحاق کو مضبوط کرسکے گا اور سسٹین ایبل اور کم کاربن والے سولوشنز سے کاروبار کو وسعت دے سکے گا ۔
پارکو کے منیجنگ ڈائریکٹر، شاہد محمود خان نے اس موقع پر کہا:”قوم کی انرجی لائف لائن کی حیثیت سے، ہم ملک میں انرجی کا مستقبل محفوظ بنانے کا تہیہ کرتے ہیں۔پاکستان میں ماحول دوست ایندھن کے شعبہ میں بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ہمیں پاکستان میں توانائی کا سفر تیز تر کرنے کے لیے مبادلہ انرجی اور اوایم وی کے ساتھ تعاون پر خوشی ہے۔ان کی ٹیکنالوجی اور مہارت سرکلر اکانومی کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔“
او ایم وی ایگزیکٹو بورڈ کے رُکن اور ایگزیکٹو آفیسر، فیولز اینڈ فیڈ اسٹاک، مارٹن وین کوٹین نے کہا:”ہمیں اس مشترکہ سرگرمی میں حصہ لینے پر خوشی ہے جو ہماری سسٹین ایبل کاروباری حکمت عملی سے مطابقت رکھتی ہے۔سسٹین ایبل فیول کی پیداوار اور ہماری ReOil ٹیکنالوجی کے لیے خام فیڈ اسٹاک اور پلاسٹک کے فضلے کی موجودگی کا اہم کردار ہے ۔میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ او ایم وی اپنی وسیع ترمعلومات کے ذریعے اس اشتراک کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ “