کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے مکمل نتائج جاری کردیے ہیں جس کے تحت پاکستان پیپلزپارٹی 93 نشستوں کے ساتھ دیگر جماعتوں پر سبقت لے گئی ہے۔
انتخابی نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کو 86، پاکستان تحریک انصاف کو 40، ن لیگ کو 7 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔
جاری کردہ انتخابی نتائج کے تحت جے یوآئی اور آزاد امیدواران تین / تین یوسیز جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں جب کہ تحریک لبیک کو دو اور ایم کیو ایم حقیقی کو ایک نشست پر کامیابی ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حیدرآباد میں منعقدہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے 149 یوسیز کے نتائج جاری کر دیے
ہیں جس کے تحت پیپلزپارٹی کے 93 چئیرمین اور وائس چئیرمین کے امیدواران کامیاب قرار پائے ہیں۔
واضح رہے کہ حیدرآباد میں پی پی نے میئر شپ حاصل کرنے کے لیے درکار اکثریت سے زائد یوسیز میں کامیابی حاصل کر لی ہے کیونکہ میئر شپ کے لیے 81 یونین کمیٹیز پر کامیابی ضروری تھی۔
انتخابی نتائج کے تحت حیدرآباد میں پی ٹی آئی 38 یونین کمیٹیز جیت کر دوسرے نمبر پر رہی ہے جب کہ 15 آزاد امیدواروں نے بھی میدان مار لیا ہے۔
تحریک لبیک کے دو جب کہ جماعت اسلامی کے ایک امیدوار کو کامیابی ملی ہے، 6 امیدواران کے انتقال کے باعث وہاں انتخابات کا انعقاد نہیں کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق حیدرآباد سے مزید 5 یونین کمیٹیز کے نتائج موصول ہونا ابھی باقی ہیں۔