جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) پاکستان نے حکومت کے خلاف پی ٹی آئی کے اسلام آباد لانگ مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے قائدین سے ملاقات کی، صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور مرکزی رہنما افتخار درانی بھی ہمراہ تھے۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں کے مابین دوطرفہ تعاون کی مختلف جہتوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا، صوبائی کمیٹیوں کے قیام و تحریک پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق جے یو آئی پاکستان کے قائدین مولانا شجاع الملک اور سابق سینیٹر مولانا گل نصیب خان سمیت دیگر نے خیر مقدم کرتے ہوئے حقیقی آزادی کی تحریک اور اسلام آباد لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔
جمیعت علمائے اسلام پاکستان نے لانگ مارچ میں شرکت کے لئے ملک بھر سے اپنے تنظیمی یونٹس متحرک کرنے کا بھی اعلان کیا۔
تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے لانگ مارچ میں شرکت کے اعلان کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا ۔