اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
متنازعہ ٹوئٹس کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ڈسٹرکٹ سیشن عدالت اسلام آباد میں پیش کیا گیا، اعظم سواتی کو سینئر سول جج محمد شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ملزم کے وکیل بابراعوان بھی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
ایف آئی اے کی جانب سے اعظم سواتی کے مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان نے دلائل میں کہا کہ ابھی تک یہی کہہ رہے ہیں کہ ٹویٹ برآمد کرنی ہے،40 اشیاء ایف آئی اے پہلے ہی برآمد کر چکی ہے،اعظم سواتی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جائے۔
جج نے دلائل سننے کے بعد اعظم سواتی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔