جرمنی نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ایک کروڑ یورو کا اعلان کردیا

جرمنی نے سیلاب متاثرین کیلئے ایک کروڑ یورو امداد کا اعلان کردیا۔ وزیر خارجہ انالینا بیئر بوک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے جو تباہی ہوئی اس کا انداازہ لگانا مشکل ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جرمن ہم منصب انالینا بیئربوک کے ہمراہ برلن میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے، پاکستان میں سیلاب سے جو تباہی ہوئی اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے، سیلابی پانی سے پیدا ہونیوالے مچھر ملیریا کا سبب بن رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک کروڑ یورو امداد کا اعلان کردیا۔

جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمن کمپنیاں پاکستان میں انفرا اسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، جرمنی پاکستان کا اہم ترین تجارتی شراکت دار ہے، جرمنی پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جرمنی یورپ کا اہم ترین ملک ہے، ہمارے بہترین تعلقات ہیں، جرمنی کیساتھ دوستانہ تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان سیلاب کے باعث مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہوا، پاکستان کو سیلاب کے بعد غذائی بحران کا بھی سامنا ہے، کروڑوں لوگ سیلاب سے ہونیوالی تباہی سے متاثر ہوئے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جرمنی کے 2 روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں