سوشل میڈیا پر بدھ کی شب سے چار سکینڈ کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جو بظاہر کسی یونیورسٹی کے لیکچر ہال میں بنایا گیا ہے۔ اس کلپ کے ساتھ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی میں کرپشن پر بات ہو رہی تھی اور اس دوران سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ ایک مثال کے طور پر پیش کیا گیا۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی کے حامیوں ںے مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر تنقید شروع کردی ہے۔ سابق بیوروکریٹ اوریا مقبول جان نے ٹوئٹر پر لکھا ”کسقدر شرمناک بات ہے کہ کینڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی میں کرپشن پر لیکچر دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم کے بڑے بھائی نواز شریف کو ایک مثال کے طور پر پیش کیا گیا ، وڈیو دنیا بھر میں وائرل ۔۔ حکومت پاکستان کچھ تو کرو.“
آج ڈیجٹل کی جانب سے فیکٹ چیک کے دوران معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو ان ٹوئیٹر اکاؤنٹس کی جانب سے شیئر کی گئی ہے جو اعلانیہ طور پر پی ٹی آئی کی حمایت کرتے ہیں۔
ویڈیو کسی طلب علم نے ریکارڈ کی جس کے اپنے لیپ ٹاپ کی اسکرین پر نواز شریف کی تصویر ہے۔ یہی تصویر سامنے بلیک بورڈ کے اوپر ایسے دکھائی دے رہی ہے جیسے اسے پروجیکٹر کے ذریعے وہاں پیش کیا جا رہا ہو۔
اس تصویر کے اوپر الفاظ تحریر ہیں A practical application یعنی ایک عملی استعمال۔
چار سکینڈ کے انتہائی مختصر کلپ میں لیکچر دینے والے پروفیسر ایک جملہ بھی پورا نہیں کہتے۔ ان کے الفاظ یہ ہیں I got involved in an important (میں ایک اہم (پروجیکٹ) میں شامل ہوٍا۔۔۔)۔
Another feather in Sharif Family’s Cap !
This is University of Toronto, Lecturer is referring to Nawaz Sharif’s corruption in a Communication course. pic.twitter.com/qieTgLygGC
— MNA (@Engr_Naveed111) October 5, 2022
ویڈیو شیئر کرنے والے بعض لوگوں نے دعویٰ کیا کہ یہ کمونیکیشن پر ایک لیکچر تھا جب کہ کچھ دیگر کا کہنا تھا کہ لیکچر بائیو میڈیکل کے حوالے سے تھا۔
ٹورنٹو یونیورسٹی بائیو میڈیکل انجنیئرنگ کے حوالے سے مشہور ہے۔
لندن میں نواز شریف کے علاج میں پیچیدگیاں پیدا ہوئی تھیں اس لیے عین ممکن ہے کہ بائیومیڈیکل کے ماہرین نے ان کے کیس کو مثال کے طور پر دیکھا ہوا۔ اس بات کی تائید تصویر کے اوپر ایک عملی استعمال کے الفاظ سے بھی ہوتی ہے۔
تاہم چار سکینڈ کے اس کلپ کے ساتھ دعوے کیے جا رہے ہیں کہ نواز شریف کو کرپشن کی مثال کے طور پر ٹورنٹو کی یونیورسٹی میں پڑھایا جا رہا ہے۔