وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی گفتگو کی مبینہ آڈیو لیکس سامنے آنے کے بعد سیاست میں ہنگامہ سا برپا ہے جس میں پی ٹی آئی کے استعفوں سمیت دیگر معاملات پر بات چیت ہو رہی ہے ، اس معاملے پرفواد چوہدری نے بھی اینٹری ماری اور کہا کہ وزیراعظم آفس کا ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت کیلئے پیش کیا گیا لیکن اس شوروغل کے بعد اب مبینہ طور پر ہیکر نے خود خاموشی توڑتے ہوئے ٹویٹر پر پیغامات کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے اور کہا ہے کہ میں پیسے نہیں مانگ رہا ۔
تفصیلات کے مطابق ٹویٹر پر ” انڈی شیل “ نامی پیج وجود میں آیاہے جس کی تفصیلات میں درج ہے کہ یہ پیج 30 ستمبر کو ختم کر دیا جائے گا لیکن اس پر جاری کیئے جانے والے پیغامات دل کو دہلا دینے والے ہیں جو کہ یقینی طور پر حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔اس پیج پر جاری پیغامات میں مبینہ ہیکر کا کہناتھا کہ ”تمام آڈیوز 30 ستمبر جمعہ کے روز جاری کر دی جائیں گی، اپنے کیلنڈر پر تاریخ کا نشان لگا لیں “۔
مبینہ ہیکر نے مزید کہا کہ ، میرا کوئی بھی واٹس ایپ، ٹیلی گرام گروپ نہیں ہے، اس طرح کے جو بھی گروپس ہیں وہ تمام جعلی ہیں اور ان پر یقین نہ کریں، کسی کو بھی پیسے نہ دیں ، میں کسی قسم کی ادائیگی کا طلبگار نہیں ہوں ، دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں ، یہ میرا واحد آفیشل اکاؤنٹ ہے ۔“
مبینہ ہیکر کی جانب سے جاری ان پیغامات کے ساتھ ہی کچھ اور بھی ٹویٹ کیئے گئے جن میں ایک شہبازشریف اور امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے درمیان ہونے والی مبینہ ٹیلیفونک گفتگو کے متن کے بارے میں دعویٰ کیا گیاہے ۔
مبینہ ہیکر کہتا ہے کہ ” شرمندگی کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب شہبازشریف کو امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر اہلکار کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جس سے شہبازشریف نے بات کرنی تھی اور F16 کیلئے فراہم کی گئی سپورٹ پر شکریہ اداکرنا تھا ۔“
”عجیب صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی حکام کا F18اپ گریڈ کرنے پر شکریہ ادا کرنا شروع کر دیا ، پاکستان کے پاس تو ایک بھی F18 موجود نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بھی شہبازشریف نے ایف 18 کانام لیااور یہ تقریبا کال کے دوران چھ مرتبہ ہوا، بس یہی ہی نہیں بلکہ شہبازشریف نے یہ بھی کہہ دیا کہ F18 کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہواہے ۔“
مبینہ ہیکر کا کہناتھا کہ فون کال کے بعد جب ایک افسر نے شہبازشریف کو ان کی غلطی کے بارے میں باور کروایا تو یہ سب سننے کے باوجود بھی وزیراعظم نے ا س سے لاتعلقی ظاہر کی ۔