چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ رانا شمیم کے نئے بیان حلفی کے بھی سنگین نتائج ہوسکتے ہیں لیکن ہم اس معاملے میں نہیں جا رہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے اٹارنی جنرل کو معاونت کیلئے 29 ستمبر کو طلب کرلیا۔
سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم اپنے وکیل لطیف آفریدی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تسلی کریں گے کی رانا شمیم نے نیا بیان حلفی رضاکارانہ دیا ہے۔
آئندہ سماعت تک دیکھتے ہیں کہیں وہ نیا بیان بھی واپس نہ لے لیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا اٹارنی جنرل صاحب کہاں ہیں؟ انہیں سن کر فیصلہ کریں گے، یہ بھی پوچھیں گے کہ کیا اخبارات کی بھی کوئی ذمہ داری ہے؟۔ آئندہ سماعت پر رانا شمیم کو آنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
عدالت نے اٹارنی جنرل کو معاونت کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کر دی۔