ملکہ برطانیہ کی وفات پر برطانوی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آج پاکستان میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں آج ملکہ برطانیہ کی وفات پر یوم سوگ منا یا جا رہا ہے، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سر نگوں ہے۔
ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد وزارت خارجہ کی تجویز پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں یوم سوگ منانے کی منظوری دی تھی۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانوی ہم منصب لز ٹرس کو ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر تعزیتی خط بھی لکھا تھا، اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن آمد پر وزیر اعظم نے ملکہ الزبتھ دوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہائی کمیشن میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے تھے۔
واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 8 ستمبر کو دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں، ان کی عمر 96 سال تھی، برطانوی حکومت کی جانب سے ملک میں دس روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا۔
ملکہ کی تدفین لندن برج آپریشن کے منصوبے کے تحت سر انجام پائے گی، ملکہ کی آخری رسومات 19 ستمبر کو ویسٹ منسٹر ایبی پر ادا کی جائیں گی، ملکہ کی آخری رسومات کے وقت دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جس کے بعد ملکہ کو کنگ جارج ششم میموریل چیپل ونڈزر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔