یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزار قائد کراچی میں گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ہیں۔ اس موقع پر 5 خواتین کیڈٹس بھی فرانض سنبھالنے والوں میں شامل ہیں۔
پاکستان ایئر فورس اکیڈمی ( اصغر خان) کی جانب سے کراچی میں یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں بانی پاکستان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی۔
ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ (ستارہ امتیاز ملٹری) ائیر آفیسر کمانڈنگ اصغر خان اکیڈمی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان سے تعلق رکھنے والے دستے میں 60 مرد اور پانچ خواتین کیڈٹس شامل تھے۔ مہمان خصوصی نے پریڈ معائنے کے بعد بابائے قوم کے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جب کہ مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔
پاک فضائیہ کے چار گارڈز اندرونی اور چار گارڈز بیرونی حصے میں فرائض سر انجام دیں گے۔ واضح رہے کہ سال میں تین بار مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوتی ہے، جس میں 14 اگست ( یوم آزادی ) ، 6 ستمبر ( یوم دفاع پاکستان ) اور 25 دسمبر ( بانی پاکستان قائد اعظم کا یوم پیدائش ) شامل ہے۔
Change of Guard Ceremony will be held at Mazar-e-Quaid in Karachi by Cadets from PAF Academy Asghar Khan. All electronic media channels will telecast the ceremony live at 0805 hrs on 06 September, 2022. pic.twitter.com/LYFlheredd
— DGPR (AIR FORCE) (@DGPR_PAF) September 5, 2022
یومِ دفاع کی مناسبت سے پاک فضائیہ کی جانب سے خصوصی پیغام بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ یوم دفاع ان عظیم قربانیوں کی لازوال داستان ہے جو 1965 کی جنگ میں افواج پاکستان کے جوانوں نے وطن کے لیے لڑتے ہوئے پیش کی۔ ملک کے دفاع اور دہشت گردی کےخلاف جنگ میں افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جو قربانیاں پیش کی ہیں تاریخ میں انکی مثال نہیں ملتی۔