پاک فوج کا عمران خان کے توہین آمیز اور غیرضروری بیان پر شدید ردعمل

پاک فوج نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے توہین آمیز اورغیرضروری بیان شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے توہین آمیز اور غیرضروری بیان شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں ایک سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں توہین آمیز اور غیر ضروری بیان پر سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو ایسے وقت میں بدنام اور کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جب پاک فوج عوام کی سلامتی اور تحفظ کیلئے جانیں دے رہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ایک سینیئر سیاستدان کی جانب سے آرمی چیف کی تقرری پر تنازعات کو ہوا دینے کی کوشش افسوسناک ہے، جب کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا آئین میں واضح طریقہ کارموجود ہے۔

آئی ی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فوج کی اعلیٰ قیادت نے اپنی حب الوطنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو کسی شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنے کے لیے دہائیوں پر محیط شاندار خدمات انجام دیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج کی سینئر قیادت پر سیاست کرنا اور آرمی چیف انتخاب کے عمل کو بدنام کرنا ریاست پاکستان اور ادارے کے مفاد میں نہیں ہے۔ پاک فوج آئین کی پاسداری کیلئے اپنےعزم کا اعادہ کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں