برطانیہ کا سیلاب زدگان کے لئے مزید 10 ملین پاؤنڈ امداد کا اعلان

برطانیہ نے پاکستان کیلئے مزید 15ملین پاؤنڈ امداد کا اعلان کردیا ہے۔

برطانیہ نے پاکستان کے سیلاب سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھا دیا ہے، برطانیہ کی حکومت نے پاکستان کے سیلاب سے نمٹنے میں مدد کے لیے 15 ملین پاؤنڈز امداد کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کو 15 ملین پاؤنڈز دیئے جائیں گے۔

ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ امداد کی یہ رقم اقوام متحدہ کی اعلان کردہ مدد سے 10 فیصد زائد ہے۔

کرسچن ٹرنر نے اپنی ٹویٹ میں برطانوی سیکرٹری خارجہ لز ٹرس کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ پاکستان کو تباہ کن سیلاب کے بعد مزید فوری زندگیاں بچانے کے لئے امداد فراہم کر رہا ہے، سیلاب سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب چکا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی طرف سے مجموعی طور پر 15 ملین پاؤنڈز سے پاکستان بھر کے سیلاب زدگان کو پناہ گاہیں اور ضروری سامان فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے 33 ملین سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں 1,100 جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

برطانیہ اس سے قبل 5 ملین پاؤنڈز امداد کا اعلان کرچکا ہے، اور آج کے اعلان کردہ مزید 10 ملین پاؤنڈز بین الاقوامی امدادی ایجنسیوں کو جائے گی تاکہ وہ لوگوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کریں۔

امدادی ادارے سیلاب زدگان کو صاف پانی، صفائی، پناہ گاہوں، خواتین کی بحفاظت اپنے گھروں میں منتقلی، ان کے گھروں کی مرمت اور کھانے پینے کی اشیاء کے علاوہ ان کے روزگار میں یہ رقم استعمال کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برطانیہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، اس وقت پاکستان کے 2 کروڑ سے زائد لوگوں کو تباہ کن سیلاب کا سامنا ہے، اور اس سیلاب نے ملک کا ایک تہائی حصہ جو تقریباً برطانیہ کے حجم کے برابر ہے پانی میں ڈوبا دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم 15 ملین پاؤنڈز کے ذریعے ایک بڑے معاون اور ہمدرد کے طور پر سب سے زیادہ کمزور لوگوں تک زندگی بچانے والی امداد پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں