پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بلوچستان ہو یا پھر سندھ، خیبر ہو یا پھر پنجاب، تمام علاقے متاثر ہو رہے ہیں اور اسی دوران سوشل میڈیا پر ناران کاغان کی ایک ویڈیو کافی وائرل ہورہی ہے جس میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو بخوبی دیکھا جا سکتا ہے۔
ناران کاغان میں اس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہاڑوں کے بیچ میں سے سیلابی ریلا داخل ہو رہا ہے، خوفناک آوازوں کے ساتھ آنے والے اس سیلاب نے بٹل کے علاقے میں موجود پُل کو تباہ کر دیا، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، شہریوں کا رابطہ بھی ٹوٹ گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیلابی پانی نے اپنے آگے آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کر دیا، تاہم جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کے بعد سے ناران کاغان کے کئی علاقوں کی صورتحال خراب ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی کئی ویڈیوز موجود ہیں جن میں ناران کاغان کے کئی علاقوں کو دیکھا جا سکتا ہے جو کہ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ مقامی ہوٹلز اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔