سعودی ولی عہد اوروزیراعظم میں ٹیلیفونک رابطہ،دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مواقع اور مختلف شعبوں کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا جبکہ سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کو 75 ویں یوم آزادی کی مبارک باد دی۔دونوں راہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان-

سعودی عرب کے مابین برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کے اپریل 2022 کے دورے کے دوران لئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا.

دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔وزیرِ اعظم نے برادر ملک سعودی عرب کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کو ادھار تیل کی فراہمی اور ڈیپازٹ میں توسیع کا بھی یقین دلایا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے جلد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں