بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل کے موبائل فون کا فرانزک کرایا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ شہباز گِل کی آواز میچ کرنے کے لیے ایف آئی اے نے لیبارٹری سے رابطہ کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ بنی گالہ اور نجی چینل کے پی ٹی سی ایل نمبر کی سی ڈی آر نکلوائی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ یہ پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے کہ شہباز گِل نےکس کے ایماء پر بیان میڈیا میں دیا۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہباز گِل کے ڈرائیور کے گھر چھاپے اور گرفتاری کا عمل قانونی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہباز گِل کے ڈرائیور کے اہلِ خانہ نے کارِسرکار میں عملی مزاحمت کی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ کیپیٹل پولیس اس کیس سے جڑے تمام تر شواہد و ثبوت اکٹھے کر رہی ہے، جہاں بھی قانونی کارروائی کی ضرورت پڑی پولیس اپنا کام کرے گی۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کیس کا دائرہ کار اسلام آباد کے علاوہ دیگر صوبوں تک بھی پھیلایا جا سکتا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق جو لوگ ثبوت چھپانے یا شواہد مٹانے میں ملوث ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اپیل کی ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ جھوٹی خبروں پر دھیان نہ دیں، جو غلط خبریں اور عوام میں اشتعال پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس قانون کی عمل داری کو یقینی بنائے گی۔