بڑی سیٹ، بڑا مقابلہ، فیصلے کا دن آگیا، نئے وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب آج ہوگا، حمزہ شہباز اور پرویز الہیٰ مد مقابل ہیں، چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں 186 ارکان پورے کرلئے گئے۔
پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے معاملے پر سیاسی ہلچل عروج پر پہنچ گئی، ن لیگ اور اتحادی ارکان کا ہوٹل میں پڑاؤ، بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، آصف زرداری نے تمام ارکان کو اسمبلی میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی، سیاسی مخالفین نے ایک دوسرے پر سبقت کے دعوے بھی کردیئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی اور ق لیگ نے 186 ارکان پورے کرلئے، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
اس موقع پر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اس وقت اجلاس میں 186 ارکان شامل ہیں۔
قبل ازیں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا تھا کہ حکومتی گیم ختم ہوچکی ہے، ہمارے نمبرز مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہیں، اب یہ لالچ دیں یا جو مرضی کرلیں فرق نہیں پڑتا، شہباز شریف کا جس ادارے یا شخصیت نے ساتھ دیا انہوں نے اس کا بیڑہ غرق کیا۔
عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ قابل فخر ہیں جو تمام دھونس، دھاندلی اور لالچ کے باوجود نہ جھکے، ہمارا مقصد وطن عزیز کو عظیم تر بنانا ہے، ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد ملک کو آزاد کرنا ہے، کوئی قوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھتی جب تک خود کو کرپشن سے آزاد نہ کرے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو عورتوں اور بچوں پر ظلم کیا گیا، چودھری پرویز الٰہی ایک جہاندیدہ سیاست دان ہیں، عثمان بزدار کو مشکل وقت میں وزیراعلیٰ بنایا، بزدار جب وزیراعلیٰ بنے تو پارٹی میں دھڑے بندی تھی، جتنا مشکل وقت عثمان بزدار نے گزارا اسے خراج تحسین پیش کرتا ہوں،سابق وزیراعلیٰ نے مجھے پہلے کہہ دیا تھا کہ جب آپ کہیں گے میں استعفیٰ دے دوں گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی رفاقت گیلانی نے دعویٰ نے 1 ارب 10 کروڑ روپے کی پیشکش کا دعویٰ کردیا۔
پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں تحریک انصاف کے ارکان کا ریٹ بڑھنے لگا۔
رفاقت گیلانی نے دعویٰ کیا کہ کل ایک ارب روپے کی آفر ہوئی تھی، آج ایک ارب 10 کروڑ کی پیشکش دی جا رہی ہے، کہا گیا پانچ ارکان لے آئیں اور پانچ ارب لے لیں۔
رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ منتخب کریں گے۔