کوئٹہ: بلوچستان میں مون سون کے دو اسپیلز بڑے پیمانے پر تباہی مچا چکے ہیں جس میں 100 سے زائد قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا جب کہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے صوبے میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں 22 جولائی سے مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کی پیشگوئی کی ہے، اس میں صوبے کے متعدد اضلاع ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، بولان ،کوہلو، قلات، خضدار،لسبیلہ ، نصیر آباد، جعفر آباداورسبی میں موسلادھار بارش اور ندی نالوں میں طغیانی کی بھی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک صوبے میں987 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوچکی ہے جب کہ گزشتہ سالوں میں بارشوں کا اوسط ریکارڈ 6.9 ملی میٹرہے۔
بلوچستان میں رواں برس جولائی میں بارشوں کا 30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔