سندھ بلدیاتی انتخابات: جماعت اسلامی کا الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

کراچی : جماعت اسلامی نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے پر 22 جولائی کو الیکشن کمیشن سندھ کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا ہے،جماعت اسلامی اس عمل کی مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن رولز کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، الیکشن کمیشن سندھ اور پیپلز پارٹی ایک ہی ٹیم ہے، الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو مکمل سپورٹ کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن وقت پر کرائے جائیں، ہم ان کی سازش کو ناکام کریں گے، الیکشن ملتوی کرنا جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور ایم کیو ایم جماعت اسلامی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، اسی لیے دونوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر راہ فرار اختیار کیا،یہ سب بے نقاب ہورہے ہیں۔

گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اور کراچی میں این اے 245 کے ضمنی الیکشن ملتوی کردیے تھے۔

الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست سندھ حکومت نے کی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن کیلئے 28 اگست جبکہ ضمنی انتخابات کیلئے 21اگست کی نئی تاریخ دی تھی۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات 24 جولائی اور این اے 245 پر ضمنی انتخابات 27 جولائی کو ہونا تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں