بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کی مبینہ آڈیو لیک کی فرانزک تحقیقات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کی مبینہ آڈیو لیک کی فرانزک تحقیقات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق درخواست گزار نے کہا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کی مبینہ آڈیو لیک کی فرانزک تحقیقات کرے ، درخواست میں وزارت داخلہ ، وزارت اطلاعات کو فریق بنایا گیا۔

خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مبینہ آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وہ عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ارسلان خالد کو مخالفین کے خلاف بیانیہ بنانے اور انہیں غدار ثابت کرنےکی مہم چلانے کی ہدایات دے رہی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق لیک آڈیو میں مبینہ طور پر بشریٰ بی بی کہہ رہی ہیں کہ ‘خان صاحب نے آپ سے کہا تھا کہ غداری کا ہیش ٹیگ چلانا ہے، مجھے لوگوں کے فون آ رہے ہیں کہ آپ کا سوشل میڈیا تو بہت ایکٹو تھا پر ایک ہفتے سے بالکل ایکٹو نہیں ہے، ایسا کیوں ہے ؟ آج کل تو آپ لوگوں کو بہت ایکٹو ہونا چاہیے تھا’۔وہ وضاحت دینے کی کوشش کرتے ہیں تو دوسری طرف موجود خاتون سنے بغیر ہی ہدایات دینا شروع کردیتی ہیں۔

مبینہ آڈیو میں نسوانی آواز میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ‘علیم خان اور اس جیسے دیگر اور لوگ میرے اور خان صاحب کے بارے میں باتیں کریں گے، انہوں نے اس سے بھی زیادہ گند ڈالنا ہے، میرے ساتھ جو بچی فرح ہوتی ہے، اس کے خلاف بھی بولیں گے، اتنا گند ڈالیں گے اور لوگوں کی گواہیاں بھی دیں گے ، لیکن آپ نے اس کا کوئی ایشو نہیں بنانا بلکہ ان سب کو غداری کے ساتھ لنک کردینا ہے’۔

مزید کہا گیا کہ ‘علیم خان اور باقی سب جو بولیں گے وہ سب پلاننگ کے تحت ہے، آپ نے ان کو غداری کے ساتھ لنک کردینا ہے، آپ نے سوشل میڈیا میں لیٹر (مبینہ دھمکی آمیز امریکی خط) کا معاملہ اٹھانا ہے کہ وہ خط صحیح ہے، یہ غداری کی وجہ سے اکٹھے ہوگئے ہیں اور اپنے آپ کو بچانے کے لیے یہ غداروں کے ساتھ مل گئے ہیں اور غدار باہرکی قوتیں بھی ہیں اور سب، یہ سارا آپ کو پتا ہے، آج آپ نے روس کا معاملہ اٹھانا ہے اور اس معاملے کو نیچے نہیں آنے دینا، ٹرینڈ بنا دینا ہےکہ ان کو بھی پتہ ہےکہ خان اور ملک کے ساتھ غداری ہو رہی ہے’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں