چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ہدایت کی ہے کہ پی ٹی آئی کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کو فارن فنڈنگ کیس نہ لکھا جائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے وکیل انور منصور نے ’فارن فنڈنگ‘ کیس لکھنے پر اعتراض اٹھایا۔
ان کا مؤقف تھا کہ کاز لسٹ میں آج بھی فارن فنڈنگ لکھا ہوا ہے، جبکہ پہلے دن سے مؤقف ہے کہ یہ کیس فارن فنڈنگ کا نہیں، ممنوعہ فنڈنگ کا ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل کے اعتراض پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کمیشن کے عملے کو ہدایت کی کہ آئندہ کیس کو فارن فنڈنگ کیس نہ لکھا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل سے یہ بھی کہا کہ آپ کے مؤکل بھی میڈیا پر فارن فنڈنگ کا لفظ استعمال کرتے رہے ہیں، آپ کا مؤقف درست ہے اس لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔