لاہور: پنجاب میں ایک بار پھر آئینی بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا، آج پنجاب اسمبلی کے 2الگ الگ اجلاس طلب کرلئے گئے، اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے دوپہر ایک بجے اجلاس طلب کررکھا ہے جبکہ گورنر نے صوبائی اسمبلی کے جاری سیشن کو ختم کرکے نیا سیشن آج ایوان اقبال میں ساڑھے 3بجے طلب کرلیا۔
پنجاب میں ایک بار پھر آئینی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث آج پنجاب اسمبلی کے 2 اجلاس ہوں گے۔
گورنر پنجاب کا طلب کردہ اجلاس ایوان اقبال میں ساڑھے3بجے ہوگا جبکہ اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کا طلب کردہ اجلاس پنجاب اسمبلی بلڈنگ میں ایک بجے ہوگا۔
اپوزیشن کے اراکین پنجاب اسمبلی بلڈنگ اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ حکومتی اراکین ایوان اقبال میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اپوزیشن اراکین نے گورنر پنجاب کے ایوان اقبال میں بلائے گئے اجلاس کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
حکومتی ارکان کا کہنا ہے کہ ایوان اقبال میں بلایا گیا اجلاس آئینی ہے، اپوزیشن اراکین ایوان اقبال کے اجلاس میں شرکت کرسکتے ہیں۔
ایوان اقبال میں ہونے والے اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکردوست مزاری کریں گے۔