بی جے پی رہنماؤں نے تمام حدیں پار کر لی ہیں، عالمی دنیا ردعمل دے: شازیہ مری

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے بھارت کی انتہا پسند حکمراں جماعت  کی ترجمان کی جانب سے دیے جانے والے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی رہنماؤں نے تمام حدیں پار کر لی ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پڑوسی ملک ہمارے جذبات سے کھیلیں گے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔

وفاقی وزیر شازیہ مری نے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و نشریات فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، وہاں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں پر مظالم جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مسلمان امن پسند ہیں، یاسین ملک کو جھوٹے کیس میں دی جانے والی سزا کی مذمت کرتے ہیں، کشمیر میں بھارتی فوج جب چاہے کسی کو گولی مار دے، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ بھارت میں 20 کروڑ سے زیادہ مسلمان رہتے ہیں، ایسے بیانات پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے نا قابل برداشت ہیں، وزیر اعظم پاکستان نے اس گستاخی پر سخت رد عمل دیا ہے۔

وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ بی جے پی ہندوتوا کی سوچ کو پھیلا رہی ہے، نریندر مودی کا ماضی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، اوآئی سی نے اپنا ردعمل دیا ،عالمی دنیا کو بھی ردعمل دینا چاہیے۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گستاخانہ بیان کی پی پی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اوآئی سی اجلاسوں سے نکل کر عملی اقدامات کرے، بھارت کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو نے امریکہ اور چین کے دورے کئے، ماضی کی حکومتوں کی خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے بلاول بھٹو کے دورے مشکل تھے، بلاول ذاتی دورے پر نہیں تھے بلکہ اپنے ملک کے لیے باہر گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں