وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو آئندہ دنوں دیے جانے والے دھرنوں کے حوالے سے چیلنج دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران مفتاح اسماعیل نے عمران خان کو چیلنج دیا کہ دیکھتا ہوں مئی جون کی گرمی میں عمران خان کتنے دن دھرنا دیتے ہیں۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ گرمی میں ان کے کتنے لوگ پگھل جائیں گے، پہلے تو کئی لوگ ان کے ساتھ تھے لیکن اس بار ان کا ساتھ دینے والے لوگوں نے بھی منع کر دیا ہے۔
دوران پریس کانفرنس مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ آج پاکستان میں 2019 کے بعد سستی ترین چینی مل رہی ہے، چینی 70 سے 75 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
وزیر خزانہ کا سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ آپ کی وجہ سے ڈیزل پر فی لیٹر 70 روپے نقصان ہو رہا ہے، آئی ایم ایف سے جو پی ٹی آئی کے وعدے تھے اس حساب سے ڈیزل آج 150روپے مہنگا ہونا چاہیے۔