کراچی میں سولجر بازار سے مبینہ لاپتہ ہونے والی لڑکی دینار نے بھی وہاڑی میں پسند کی شادی کرلی ہے۔
سولجر بازار کی دینار کی 22 اپریل کو گھر سے جانے کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں دینار کو رہائشی فلیٹس سے باہر جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دینار نے منہ پر ماسک لگا رکھا ہے، دینار کی گمشدگی کی درخواست میں بھی تاریخ 22 اپریل درج ہے۔
دینار کے بھائی نے بہن کی گمشدگی کی درخواست سولجر بازار تھانے میں جمع کرائی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے وہاڑی میں اسد عباس نامی لڑکے سے شادی کرلی ہے، لڑکی کے بھائی نے بہن کی گمشدگی کی درخواست بھی واپس لے لی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی گولڈن ٹاؤن کی دُعا زہرہ اور سعود آباد کی نمرہ کا بھی پتہ چلا ہے۔
دونوں لاپتہ لڑکیوں نے اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر دوسرے صوبے میں جاکر پسند کی شادی کی ہے۔