اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل عام کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ ایک حد تک پیسے دے کر تحفہ رکھ لینا کوئی بات نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف کی معلومات پبلک کرنے کے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک پالیسی بنائیں کہ جو بھی تحفہ آئے گا وہ خزانے میں جمع ہو گا، تحائف صرف ملتے ہی نہیں، واپس بیرون ملک لوگوں کو دیئے بھی جاتے ہیں، بیرون ملک جو تحائف جاتے ہیں وہ قومی خزانے سے خریدے جاتے ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ باہر سے آئے سب تحائف بھی نمائش کیلئے رکھے جانے چاہئیں۔ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے تازہ ہدایات لینے کیلئے وقت چائیے۔ عدالت نے کہا کہ آپ ہدایات لیں لیکن تب تک انفارمیشن کمیشن کے حکم پر عمل کریں، انفارمیشن کمیشن نے کہا تحائف کی معلومات شہری کو دیں تو دے دیں۔