سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ حکومت کو پریشر دینے کے لیے عمران خان کو سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں بیٹھنا چاہیے تھا۔
شاہد آفریدی نے انٹرویو کے دوران کہا کہ ہمارے عمران بھائی کا بہت بڑا اور زبردست وژن تھا جسے دیکھ کر مزہ آرہا تھا۔
لیکن جو لیڈر ہوتا ہے وہ خود کام نہیں کرتا، وہ ایک وژن لے کر آتا ہے اور اسے عملی جامہ اس کی ٹیم پہناتی ہے، کیا عمران بھائی کے پاس ایسی ٹیم تھی جو ان کے وژن کو لے کر چلتی؟
شاہد آفریدی نے کہا کہ عمران بھائی کرکٹر تھے، اور اسپورٹس مین ہمیشہ کم بیک کرتا ہے اور بہت سٹرونگ کم بیک کرتا ہے۔ لیکن وہ کم بیک اس وقت کرتا ہے جب وہ مشکل وقت میں اپنی غلطیوں پر کام کرتا ہے، کہ مجھ سے کہاں غلطی ہوئی۔
ایسا نہیں ہوتا، کہ میں فرشتہ ہوں مجھ سے کوئی غلطی نہیں ہو سکتی ، سامنے والے سارے قصوروار ہیں، ایسا نہیں ہوتا ہم انسان ہیں فرشتے نہیں ہیں، ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران بھائی کو سٹرکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں جانا چاہیے تھا، جہاں وہ مضبوط اپوزیشن کے طور پر آسکتے تھے۔ حکومت کو پریشر ہوتا اور وہ بہتر کام کرتے۔
شاہد آفریدی نے پاکستانی عوام کے لیے ٹوئٹ بھی کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ ریاست، سیاست و حکومت سے بہت اوپر ہوتی ہے؛ جہاں بات ریاست پر آئے، وہاں ہر سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر اپنی ریاست اور اس کے دفاع پہ مامور اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔
یہ بھی آپ کے اپنے ہیں۔ ایل او سی سے کوسٹ لائنز تک ہر سپاہی، ہر محافظ قابل احترام ہے۔ہماری افواج ہیں تو ہم ہیں