وزیراعظم شہباز شریف پہلے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر صوبائی دارالحکومت کراچی پہنچ گئے ہیں۔

وزیر اعظم کی خصوصی پرواز نے شارع فیصل پر پاکستان ائیر فورس کے فیصل ائیر بیس پر لینڈ کیا جہاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔

فیصل ائیر بیس سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ وزیراعظم کو ہیلی کاپٹر میں لے کر وزیراعلیٰ ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب ہیلی پیڈ پر چیف سیکرٹری سندھ اور انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی قومی موومنٹ سمیت اتحادی جماعتوں کی قیادت کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری ان کے شیڈول میں ترجیحی بنیادوں پر ہے جہاں ان کا استقبال ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کریں گے۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ جائیں گے جہاں وہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء، سیکرٹریز اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس کے علاوہ سندھ میں امن و امان سے متعلق اجلاس بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگا۔

اپنے دورہ کراچی کے تیسرے مرحلے میں وزیر اعظم شہباز شریف حکومتی اتحاد میں اپنی اہم پارٹنر ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے پارٹی کے مرکزی دفتر بہادرآباد کا دورہ بھی کریں گے جس کے بعد وزیراعظم آج شام ہی دارالحکومت اسلام آباد واپس چلے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں