ریحام خان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئیں، عمران خان پر الزامات

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو کسی کی پروا نہیں ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان بھی ووٹنگ سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئیں اور انہوں نے مہمان گیلری سے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی۔

ریحام خان نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک خودغرض انسان ہیں اور انہیں کسی کی پروا نہیں۔ عمران خان نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ناصرف اپنے ساتھ بلکہ عوام کے ساتھ بھی بہت بڑی زیادتی کی ہے۔ پارلیمنٹ میں ووٹنگ سے قبل ان کا لمبی لمبی تقریریں کرنے کا منصوبہ ہے۔ ان کی ضد ہے کہ ڈالر کو 200 روپے تک پہنچا دیں۔

ریحام خان نے کہا کہ ملک کی اکثریت یہ سمجھ گئی ہے کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی پاسداری ہر شہری پر لازم ہے لیکن کچھ ہی لوگ ایسے ہیں جو بات نہیں سمجھ رہے کہ کوئی بھی آئین سے بالاتر نہیں۔

واضح رہے کہ ریحام خان کا شمار عمران خان کے سب سے بڑے ناقدین میں ہوتا ہے۔ ریحام خان نے اپنی ایک کتاب میں بھی عمران خان پر الزامات لگائے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں