حفیظ کی عمران خان کے حق میں ٹوئٹ، سعید غنی کا بھرپور جواب

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے قومی ٹیم کے سابق کرکٹر محمد حفیظ کو وزیراعطم عمران خان کی حمایت میں ٹوئٹ کرنے پر انہیں بھرپور جواب دیا۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو مسترد کیے جانے کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور وقار یونس کی جانب سے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کیے تھے۔

اس معاملے پر محمد حفیظ نے بھی خوشی کا اظہار کیا تھا اور سوشل میڈیا پر وزیرِاعظم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ عمران خان ہمیشہ سے ایک حقیقی لیجنڈ ہیں۔

محمد حفیظ کی اس ٹوئٹ پر سعید غنی نے بھی سوشل میڈیا پر کرکٹر کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’کرکٹ کھیلو ملک سے مت کھیلو۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد مسترد کر دی۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی جبکہ عمران خان نے پارٹی ارکان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں کہا تھا کہ اپوزیشن کو ابھی تک سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں