مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اگر حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب بننے میں کامیاب ہوئے تو وہ اپنی جیب سے پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کو مٹھائی کا ڈبہ بھیجیں گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حمزہ شہباز 200 سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوں گے، اسپیکر پنجاب اسمبلی کےخلاف بھی تحریک عدم اعتماد آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے آزاد ارکان بھی حمزہ شہباز کو ووٹ دیں گے، چوہدری پرویز الٰہی بھی ڈنڈی مارنے کی کوشش کررہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود کو بچانے کیلئے ہمیشہ دوسروں کی قربانی دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ (ن) لیگ کی خواتین کو ایوان میں جانے سے روک دیا گیا ہے، بتایا جائے ہماری خواتین کو ایوان کے اندر جانے سے کیوں روکا جارہا ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ مجھے فیاض صاحب کے ساتھ ہمدردی ہے کہ شاید انہیں آئندہ ووٹوں کے ذریعے منتخب ہونے کا موقع نہ ملے لیکن یہ لوگ جو بھی سوچتے ہیں ہم اس کی پلاننگ پہلے ہی کر چکے ہوتے ہیں، اسی لیے انہیں نہلے پر دہلہ دیں گے۔
جب عظمیٰ بخاری سے سوال کیا گیا کہ فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ انہوں نے نوٹوں کی بوریاں دیکھی ہیں جس پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کا کام ہے ثبوت لانا، اگر حمزہ شہباز جیتے تو ہم اپنی ذاتی جیب سے انہیں مٹھائی کا ڈبہ بھیجیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان تو کہا کرتے تھے مجھے اقتدار سے چمٹنے کا شوق نہیں ہے،مجھے اقتدار کی کوئی خواہش نہیں ہےتو پھر مرے کیوں جا رہے ہیں ؟