اسلام آباد ہائیکورٹ نے صادق سنجرانی کی سینیٹ میں چئیرمین شپ پرفیصلہ سنادیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا۔صادق سنجرانی ہی چئیرمین سینیٹ رہیں گے۔
یوسف رضا گیلانی کی انٹراکورٹ اپیل بھی مسترد کردی گئی۔عدالتی فیصلےمیں کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی کے پاس پارلیمنٹ میں متبادل فورم موجود ہے،یوسف رضاگیلانی چئیرمین سینیٹ کوعہدے سے ہٹانے کی قرارداد ایوان میں ہی لاسکتے ہیں۔
ڈویژن بنچ نے پارلیمنٹ کے معاملے میں مداخلت نہ کرانے کا سنگل بنچ کا فیصلہ برقرار رکھا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے چئیرمین سینیٹ کا الیکشن چیلنج کیا تھا۔ ایک رکنی بینچ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی تھی۔اس کے بعد یوسف رضا گیلانی نے فیصلے کےخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کی تھی۔
یوسف رضاگیلانی نے موقف اختیار کیا تھا کہ پریزائیڈنگ افسر نے 7 ووٹ غلط مسترد کئے۔
یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا کہ پریزائیڈنگ افسرکا فیصلہ ایوان کی اندرونی کارروئی نہیں کہلاتا،عدالت پریزائیڈنگ افسرکے فیصلے پر نظرثانی کرسکتی ہے.