سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کا نام ای سی ایل میں ڈالنےکا مطالبہ کر دیا۔
سعید غنی کا کہنا ہےکہ شہباز گل نے امریکی یونیورسٹی سے ملنے والی تنخواہ کو چھپایا اور کابینہ ڈویژن کو بتائے گئے اپنے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا، شہباز گل کے اثاثوں کی تحقیقات کی جانی چاہیے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کےمعاون خصوصی شہباز گل اب بھی امریکا کی پبلک یونیورسٹی کے پے رول پر ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل یونیورسٹی آف الینوائے اربانا میں بطور کلینیکل اسسٹنٹ پروفیسر تعینات ہیں، یونیورسٹی کی جانب سے دی نیوز کو ایک تحریری جواب میں تصدیق کی گئی ہے کہ وہ اب بھی یونیورسٹی کے ملازم ہیں اور ان کی سالانہ تنخواہ 124770 ڈالرز ہے۔
یونیورسٹی کے سرکاری جواب کے مطابق شہباز گل مینجمنٹ اور تنظیمی رویے، مارکیٹنگ کے اصول اور خوردہ فروشی کے اصول سکھا رہے ہیں۔
وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق وزیر اعظم کے تمام معاون خصوصی اور مشیر کابینہ ڈویژن اپنے اثاثے اور واجبات ڈکلیئر کرنے کے پابند ہیں تاہم شہباز گل نے کابینہ ڈویژن کو امریکی اسٹیٹ یونیورسٹی میں تنخواہ یا ملازمت کے بارے میں آگاہ نہیں کیا، تنخواہ وصول کرنے کے باوجود انہوں نے کابینہ ڈویژن کو رپورٹ نہیں کی۔