خط حکومتی وزیر نے سفیر سے لکھوایا، بلاول بھٹو کا الزام

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ دھمکی آمیز خط عمران خان کے اپنے ہی وزیر نے سفیر سے لکھوایا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھمکی آمیز خط خود لکھ کر اپنے آپ کو بھجوایا گیا ہے اور وزیر موصوف نے خط موصول ہونے کے بعد وزیر اعظم کو پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ خط کو جلسے میں لہرا کر آج تک استعمال کیا جا رہا ہے اور عمران خان آئینی عمل کو سبوتاج کرنا چاہتے ہیں۔ عمران خان اداروں پر دباؤ ڈالنے اور انہیں متنازعہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو قومی سلامتی اجلاس کی دعوت نہیں دی گئی اور نہ ہی کوئی نوٹیفکیشن آیا۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جماعتیں حکومت بنانے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے انتخابی اصلاحات کا پہلے کہا تھا اور انتخابی اصلاحات کے بعد ہم سب چاہتے ہیں جلد انتخابات ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں اور عمران خان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آپ کے لیے کوئی این آر او نہیں ہے جبکہ عمران خان کے لیے کوئی ایمنسٹی، کوئی بیک ڈور ایگزٹ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیے باعزت راستہ یہ ہے کہ وہ آج ہی استعفیٰ دے دیں۔ نیشنل سیکیورٹی کا معاملہ ہے اور نہ ہی کمیٹی کا اجلاس بلانا چاہیے تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں