اتحادیوں سے معاملات طے، سات منحرف اراکین واپس آ گئے، فواد چوہدری کا دعویٰ

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کے اتحادیوں سے معاملات طے پا گئے جب کہ 12 منحرف اراکین میں سے سات واپس آگئے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ہم مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحادیوں ق لیگ اورایم کیو ایم سے 99 فیصد معاملات طے ہو گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ منحرف ارکان اسمبلی میں 7 واپس آ گئے ہیں جب کہ 5 سے بات چیت چل رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تک وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ہی ہیں، پنجاب اسمبلی کے تمام ارکان ہی وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں لیکن ہم دیکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا مقصد صرف عمران خان کو گرانا ہے، یہ گرا نے کے بعد کیا کریں گے۔

حزب اختلاف کا شروع کردہ معاملہ ہم ختم کریں گے، فواد چودھری

فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ صرف 27 مارچ کے جلسے پر ہے، بجٹ کے بعد انتخابات کا سال شروع ہوجائے گا، اپوزیشن کی سوچ شخصیات پر ہے، پاکستان اب تبدیل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ لے کر آیا ہوں،اگر میں کہوں کہ مجھے عمران خان سے اختلاف ہے تو مجھے استعفیٰ دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اختلاف ہوگا تو مستعفی ہوکر دوبارہ عوام کے پاس جانا چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ فوج اور تحریک انصاف ایک تسبیح میں پروئے ہوئے دانے ہیں،ہمارے درمیان فرق پیدا کرنے کیلئے ایک مخصوص مہم چلائی جارہے ہیں، ہم نے فوج اور آرمی چیف کو ہر صورت میں تحفظ فراہم کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں