اسٹیٹ بینک کا اوورسیز پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کاخصوصی نغمہ جاری

یوم پاکستان کے موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آرڈی اے)اقدام کے حوالے سے ایک خصوصی نغمہ ”تم جڑے ہو تو بڑھا ہے پاکستان“جاری کیا ہے جس کا مقصد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کرنا ہے جو جدید بینکاری سولوشنز اور قوم کی سماجی و اقتصادی کامیابی کی صورت میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں۔

حب الوطنی کے جذبے سے بھرپور اس نغمے میں مشہور پاکستانی گلوکار شہزاد رائے، حدیقہ کیانی اور فیصل کپاڈیا نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جبکہ اشعار میں ”روشن ڈیجیٹل اکاونٹ“ کو اسٹیٹ بینک کے ایک ایسے اقدام کے طور پراجاگر کیا گیا ہے جو لاکھوں بیرون ملک پاکستانیوں کو اپنے پیارے وطن کے لیے وسائل سے بھر پور حصہ ڈالنے کی ترغیب دے رہا ہے۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ملک کے معروف بینکوں کے تعاون سے شرو ع کیا گیا ہے جس کا مقصد خصوصی طور پربیرون ملک مقیم اور پاکستان اوریجن کارڈز رکھنے والے پاکستانیوں کو ترسیلات زر اور سرمایہ کاری کے بے مثال مواقع فراہم کرنا ہے۔

ستمبر،2020ء سے فروری2022ء تک دنیا کے 175 ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 365,182 اکاونٹس کھولے ہیں اوران اکاؤنٹس میں 3,632 ملین امریکی ڈالرز جمع کرائے ہیں جبکہ’نیا پاکستان سرٹیفکیٹس‘ کے ذریعے2,494 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔

اِس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے کہا:”روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نغمے کا اجراء ہمارے لیے ایک اہم سنگ میل ہے کیوں کہ انقلابی سہولتوں کے ذریعے ہمیں عالمی سطح پرفنانشل رسائی حاصل ہو رہی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب نان ریزیڈنٹ پاکستانی دیار غیر سے بھی پاکستان میں ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھو ل رہے ہیں اور اُنھیں آپریٹ کر رہے ہیں جو مکمل طور پر شفاف اور آن لائن پروسیس ہے جس کے لیے کسی بھی بینک برانچ تک جانے کی ضرورت نہیں۔ اِس کا تیکنکی انفرااسٹرکچر مکمل طور پر محفوظ ہے اور روایتی بینکاری سے وابستہ تمام خدمات تک ڈیجیٹل ذرائع سے رسائی فراہم کرتا ہے جن میں فنڈز ٹرانسفر، بلوں کی ادائیگی، فیسوں کی ادائیگی اور ای-کامرس خدمات شامل ہیں۔“

اُنھوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ہمارے اس ویژن کے مطابق ہے جس کا مقصد پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں حصص اور فنڈز کے یونٹس کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کیلئے منافع بخش مواقع فراہم کرنا ہے۔اُنھوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ’روشن اپنی کار‘ اقدام بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی مرضی کی کوئی بھی گاڑی،پرکشش قیمت پر خریدنے اور اُسے پاکستان میں اپنے عزیزوں کو تحفے کے طور پر دینے کے قابل بناتا ہے۔اِسی کے ساتھ ’روشن اپنا گھر‘ اسکیم بیرون ملک پاکستانیوں کو منافع بخش مواقع پیش کرتی ہے کہ وہ پاکستان کی پراپرٹی کی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر سکیں جن میں رہائش اور تجارتی رئیل اسٹیٹ دونوں شامل ہیں۔

ڈاکٹر رضا باقر نے مزید کہا کہ ’روشن سماجی خدمت‘ کی سہولت غیرملکی خریداروں کو پاکستانی خیراتی اداروں کو عطیات دینے کے قابل بناتی ہے جو ادائیگی کے لیے بآسان اور وَن اسٹاپ پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ’نیا پاکستان سرٹیفکیٹس‘(این پی سی) سرمایہ کاری کے قابل بنا رہے ہیں اور ان سرٹیفکیٹس میں امریکی ڈالرز، برطانوی پاؤنڈز، یوروز اور پاکستانی روپے سے سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے جو خطرات سے پاک ہے اور جن پر منافع کی شرح بھی انتہائی پرکشش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں