جے یو آئی کا کراچی سے مارچ آج اسلام آباد روانہ ہوگا

کراچی سے جمعیت علماء اسلام ف کا مارچ آج سہراب گوٹھ سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو رہا ہے۔

جے یو آئی کے مطابق مارچ کے ساتھ کنٹینر بھی روانہ ہوگا۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے مارچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔ اب بلوچستان سے مارچ 25 مارچ کو روانہ ہوگا، جب کہ خیبرپختونخوا سے قافلے 26 مارچ کو اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے، جس کی قیادت مولانا فضل الرحمان کریں گے۔ فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان سے مارچ میں شامل ہونگے۔

سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے قافلوں کی روانگی صوبائی قیادت کی ہدایات کے مطابق ہوگی۔ جے یو آئی کے تمام قافلے اسلام آباد میں چھبیس مارچ کی شام کو داخل ہونگے، جس کے بعد سری نگر ہائی وے پر جلسہ ہوگا۔

دوسری جانب پی ڈی ایم نے جلسے اور دھرنے کیلئے اسلام آباد میں 10 روزہ پڑاؤ کی اجازت مانگ لی ہے۔ حکومت کے بعد ڈی چوک پر جلسہ کرنے سے اگرچہ اپوزیشن بھی دستبردار ہوگئی ہے لیکن ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کو جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ اور مولانا عبدالمجید ہزاروی کی جانب دی گئی درخواست میں پچیس مارچ سے تین اپریل تک دھرنے کا بتايا گیا ہے۔

جلوس کا پڑاؤ سیکٹر جی نائن اور ایچ نائن کے درمیان ہوگا۔ دھرنا بھی اسی مقام پر دیا جائے گا۔ جلسے اور دھرنے کیلئے انتظامیہ سے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کی درخواست کی گئی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں